ڈانڈیلی:یکم جولائی (ایس اؤ نیوز) ندی میں غذا نہ ملنے پر بھوک سےتڑپتا ایک مگر مچھ تعلقہ کے کوگیل بن نامی دیہات کی گلیوں اورراستوں پر رینگتا نظر آیا تو دیہی عوام ڈر اور حیرت سے تکنے لگے۔
سمجھا جارہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے چلتے کوئی بھی سیر سپاٹے کے لئے نہیں نکلا تو کالی ندی میں مگر مچھ کو غذا نہ ملنےپر کالی ندی کے کنارے پر واقع کوگیل بن نامی دیہات کے راستوں پر مگر مچھ گھومنے لگا۔ صبح سویرے دیہات میں 13 سے 14 فٹ لمبا مگر مچھ راستوں پر دیکھتےہی کافی تعداد میں عوام مگرمچھ کے پیچھے پیچھے چلنے لگے، ایسے میں کچھ لوگوں نے سامنے جاکر مگرمچھ کے رینگنے کی وڈیوز بھی بنانی شروع کی جو جلد ہی سوشیل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی۔
راستے پر مگرمچھ کو دیکھتے ہی بعض لوگوں نے فوریسٹ افسران کو اطلاع دی ۔ لیکن جب تک فوریسٹ افسران دیہات پہنچتے تب تک مگر مچھ دیہات سے نکل کر جنگل کے راستے دوبارہ کالی ندی پہنچ چکا تھا ۔قریب آدھے گھنٹے تک دیہات کے راستوں پر گھوم پھر کر مگرمچھ ندی میں واپس چلا گیا خوش آئند بات یہ رہی کہ اس دوران مگر مچھ نے کسی پر حملہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈانڈیلی کی کالی ندی میں ہزاروں مگرمچھ رہتےہیں، ایسا پہلی مرتبہ ہواہے کہ کوئی مگرمچھ ندی سے نکل کر رہائشی علاقےمیں آگیا۔دیہی عوام کاکہنا ہے کہ جب ندی میں غذا نہیں ملتی ہے تو مگرمچھ ندی کناروں پر ٹہلتے رہتے ہیں، اور کبھی کبھار باہر نکلتےہیں ۔